بنگلادیش کیساتھ زیادتی ہورہی، پاکستان کے ورلڈکپ کھیلنے سے متعلق فیصلہ حکومت کرے گی: محسن نقوی
لاہور: پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی سے زیادہ حکومت پاکستان کے تابع ہیں اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلے کے لیے وزیراعظم کی آمد کے منتظر ہیں، اس وقت وزیراعظم پاکستان ملک میں نہیں ہیں، پہلے حکومت فیصلہ بتادے پھر پلان اے بی سی تیار ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بنگلادیش کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، اس کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ہونا چاہیے، بنگلادیش آئی سی سی میں برابر کی حیثیت کا ملک ہے، اگر پاکستان کے ساتھ معاملے میں انڈیا کو فیور دیا گیا تو بنگلادیش کو بھی ملنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دہرا معیار ہے، ایک ملک کسی کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا، ڈکٹیشن ہوئی تو پھر پاکستان کا بھی ایک مؤقف ہے اور پاکستان اپنے مؤقف پر قائم رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تفصیل میں نہیں جاسکتا، جب ضرورت ہوئی تو تفصیل بتاؤں گا۔
محسن نقوی کا کہنا کہ 10 مئی کو بھی ایک فیصلہ کیا تھا پھر اس کے بعد نہیں دیکھا کہ آگے کیا ہوگا۔