بنگلادیش: ڈاکٹر یونس کا بڑی اصلاحات کے بعد انتخابات کرانے کا اعلان
ڈھاکا: بنگلادیش میں طلبہ احتجاج کے بعد شیخ حسینہ واجد حکومت کے خاتمے پر بننے والی عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس نے ملک میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کے بعد عام انتخابات کرانے کا اعلان کردیا۔
سربراہ عبوری حکومت پروفیسر محمد یونس کا کہنا ہے کہ بنگلادیش میں حالات معمول پر لاتے ہوئے اصلاحات شروع کریں گے، الیکشن کمیشن، عدلیہ اور سول انتظامیہ میں اہم اصلاحات لائیں گے۔
نوبل انعام یافتہ عبوری سربراہ حکومت کا کہنا تھا، سیکیورٹی فورسزاور میڈیا میں بھی اہم اصلاحات لائیں گے، اصلاحات کے بعد آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرائیں گے۔
ڈاکٹر محمد یونس کا کہنا تھا، احتجاج میں ہلاک اور متاثرہ افراد کو انصاف دلانا ترجیح ہے، یو این تفتیش کاروں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔
دھیان رہے کہ بنگلادیش میں کوٹہ سسٹم کے خلاف شروع ہونے والی طلبہ تحریک کے باعث شیخ حسینہ واجد 5 اگست کو وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے کر بھارت فرار ہوگئی تھیں۔
شیخ حسینہ واجد کے بھارت فرار ہونے کے بعد بنگلادیش کے آرمی چیف نے ملک کی باگ ڈور سنبھالی اور پھر طلبہ رہنماؤں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ڈاکٹر محمد یونس کو عبوری سربراہ حکومت مقرر کیا گیا۔