نیشنل ٹی 20 کپ، 4 کھلاڑی کورونا کی زد میں آگئے

لاہور: نیشنل ٹی 20 کپ میں شامل بلوچستان کے چار کھلاڑیوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آگئی۔ بلوچستان کے چاروں کھلاڑیوں کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔
بلوچستان کے اسکواڈ میں شامل دیگر تمام کھلاڑیوں اور اسٹاف کے کووڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے، اس سے قبل بائیو سیکیور ببل میں موجود تمام شرکاء کے کووڈ ٹیسٹ منگل کو لیے گئے تھے۔
دوسری جانب سندھ اور سینٹرل پنجاب کے مابین میچ شیڈول کے مطابق کھیلا جارہا ہے جب کہ آج دوسرا میچ ناردرن اور بلوچستان کی ٹیموں کے مابین کھیلا جانا تھا، جسے اب ناردرن اور سدرن پنجاب کے مابین میچ سے تبدیل کردیا گیا ہے۔
7 اکتوبر کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مابین میچ بھی اپنے شیڈول کے مطابق ہوگا جب کہ بلوچستان کی سیکنڈ الیون کے اسکواڈ میں شامل کھلاڑی اس میچ کے لیے اپنی فرسٹ الیون کو دستیاب ہوں گے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑی اور سپورٹ کے ارکان 7 اکتوبر تک نیشنل ٹی20 میں شرکت کرسکتے ہیں جب کہ 8 اکتوبر سے ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ کھلاڑی علیحدہ ببل میں منتقل ہوجائیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔