امریکا نے بگرام ایئربیس کیسے خالی کیا؟
کابل: امریکا بگرام ہوائی اڈا خالی کرچکا ہے، تاہم اس حوالے سے کچھ پتا نہ چل سکا تھا کہ آخر اسے کیسے خالی کیا گیا، اس ضمن میں سامنے آنے والی تفصیلات سے پتا چلا ہے کہ امریکا نے رات کی تاریکی میں بغیر بتائے بگرام ایئربیس خالی کیا۔
امریکی فوج نے روانگی کے وقت ہوائی اڈے کی روشنیاں بند کیں جب کہ اس حوالے سے نئے افغان کمانڈر کو آگاہ بھی نہیں کیا گیا۔
فغان فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے کے نئے کمانڈر کو امریکی افواج کی روانگی کا 2 گھنٹے بعد علم ہوا۔
بگرام ہوائی اڈے کے نئے افغان کمانڈر جنرل میر اسداللہ کوہستانی نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے امریکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ جب ہم نے سنا کہ امریکی فوج نے بگرام ہوائی اڈا خالی کردیا ہے تو ہم اسے افواہ سمجھے لیکن صبح 7 بجے کے قریب معلوم ہوا کہ امریکی فوجی واقعی جاچکے ہیں۔
افغان فوجی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی فوج کے بگرام ہوائی اڈا چھوڑنے کے بعد وہاں مسلح افراد نے بڑے پیمانے پر لوٹ مار کی، اگر امریکی اہلکار ہوائی اڈا خالی کرنے سے پہلے بتاتے تو لوٹ مار سے بچا جاسکتا تھا۔