سابق وفاقی وزیر بابر غوری کو پولیس نے ضمانت پر رہا کردیا

کراچی: اشتعال انگیز تقریر کے کیس میں سابق وفاقی وزیر بابر غوری کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت میں بابر غوری کے خلاف اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں پولیس نے اپنی رپورٹ جمع کرائی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق بابر غوری کو بانی ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری پر گرفتار کیا گیا تھا، ملزم کے خلاف 16 جولائی 2015 کو سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس نے اپنی رپورٹ میں بابر غوری کو رہا کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ ملزم بابر غوری کے خلاف ٹھوس شواہد نہیں ملے، افسران سے ملزم کو ضابطہ فوجداری کےتحت رہا کرنے کی منظوری لی ہے لہٰذا بابر غوری کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔
پولیس رپورٹ میں کہا گیا کہ ملزم سے تفتیش کی گئی ہے، ملزم کو متعدد امراض لاحق ہیں، ملزم بابرغوری شوگر، بلڈپریشر، امراض قلب کے مریض ہیں جب کہ ملزم کے گردے کافی کمزور ہیں۔
بعد ازاں نجی ٹی وی سے گفتگو میں تفتیشی افسر محبوب الٰہی نے کہا کہ بابرغوری کورہا کردیا ہے، ملزم کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 169 کے تحت رہاکیا گیا ہے۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ پولیس کو اختیار ہے کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 169 کے ملزم کو ضمانت پر رہا کردے، اس حوالے سے عدالت کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔