آیت اللّٰہ خامنہ ای کی آخری رسوم: ایران میں 6 جولائی کو عام تعطیل کا اعلان
تہران: امریکی و اسرائیلی حملے میں شہید سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی آخری رسوم کے موقع پر 6 جولائی کو ایران میں عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔
ایرانی حکومت کے ترجمان کے مطابق 8 جولائی کو ملک بھر میں یومِ سوگ بھی منایا جائے گا۔
یاد رہے کہ ایران کے شہید رہنما سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر ابتدائی امریکی و اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف جولائی کے پہلے ہفتے میں ایران کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آیت اللّٰہ خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت کریں گے، دورہ ایران مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ بھی جائیں گے۔
دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بھی آیت اللہ خامنہ ای کی آخری رسوم میں شرکت کا امکان ہے جب کہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو خط بھی لکھا ہے، جس میں انہیں آیت اللہ خامنہ ای کی آخری رسوم میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔