آسٹریلیا نے بھارت کو ہراکر چھٹی بار کرکٹ ورلڈکپ جیت لیا

احمدآباد: ایک روزہ کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر آسٹریلیا چھٹی بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا۔
احمدآباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے فائنل میں بھارت کا 241 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے 43 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر بنالیا۔
ٹریوس ہیڈ مین آف دی میچ جب کہ ویرات کوہلی ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو ٹرافی پیش کی۔
آسٹریلیا کرکٹ ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھ بار چیمپئن بننے والی ٹیم بن گئی ہے جو اس سے قبل 1987، 1999، 2003، 2007 اور 2015 میں بھی ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔
خیال رہے کہ بھارت کی یہ ٹورنامنٹ میں پہلی شکست تھی، بھارتی ٹیم ورلڈکپ میں اپنے تمام 9 لیگ میچز میں کامیابی کے بعد سیمی فائنل میں بھی کامیاب ہوئی تھی تاہم فائنل میں کینگروز نے بھارتی ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی اننگز کی شروعات ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ نے کی۔ آسٹریلیا کی پہلی وکٹ صرف 16 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈیوڈ وارنر صرف 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
41 رنز کے مجموعی اسکور پر کینگروز کو دوسرا نقصان مچل مارش کی صورت اٹھانا پڑا جو 15 رنز بناکر وکٹوں کے پیچھے کیچ تھما بیٹھے۔ 47 کے مجموعی اسکور پر اسٹیون اسمتھ بھی 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
آسٹریلیا کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا رہا اور صرف 47 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے تاہم ٹریوس ہیڈ اور مارنوس لبوشین ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو میچ میں واپس لے آئے۔
ٹریوس ہیڈ نے 120 گیندوں پر 137 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ مارنوس لبوشین 58 رنز اور گلین میکسویل 2 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
بھارت کی طرف سے جسپریت بمرا نے 2 جب کہ محمد شامی اور محمد سراج نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست رہنے والی بھارتی ٹیم فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے 240 رنز بناسکی اور اس کی پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
ورلڈکپ کے فائنل میں بھارتی بلے باز رنز کے ڈھیر لگانے کی روایت کو برقرار نہ رکھ سکے۔
ٹیم کے اوپنر شبمن گل میگا ایونٹ کے فائنل میں ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے، وہ محض 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان روہت شرما نے 47 جب کہ ویرات کوہلی نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔
مڈل آرڈر بیٹر کے ایل راہول نے 67 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں شریاس ایر 4، رویندرا جڈیجا 9، محمد شامی 6، جسپریت بمرا ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 3، پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے دو دو جب کہ ایڈم زمپا اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔