امریکی جیل میں ڈاکٹر عافیہ قیدی کے حملے سے زخمی
ہیوسٹن، ٹیکساس: امریکی عدالت سے 86 سال کی سزا پانے والی پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی امریکی جیل میں ساتھی قیدی کے حملے کے باعث زخمی ہوگئیں۔
امریکی جیل کارزویل میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی ایک قیدی کے حملے کے نتیجے میں زخمی ہوگئیں، اس حوالے سے دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے تصدیق کردی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خبر ملتے ہی ہمارے قونصل جنرل ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی خیریت دریافت کرنے جیل پہنچے، جیل انتظامیہ نے بتایا کہ عافیہ صدیقی پر جیل میں ایک قیدی نے حملہ کیا، عافیہ صدیقی کو گہرے زخم نہیں آئے اور ان کی حالت بھی خطرے سے باہر ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پاکستان نے امریکا کے سامنے معاملہ اٹھایا ہے اور واقعے کی شفاف و جامع تحقیق کے لیے باضابطہ شکایت درج کرادی ہے، امریکی حکام سے کہا ہے کہ معاملے کی مکمل چھان بین کی جائے اور عافیہ صدیقی کی مناسب دیکھ بھال کی جائے جب کہ پاکستانی سفارت خانہ بھی امریکی حکام سے رابطے میں ہے۔