آصف زرداری احتساب عدالت میں پیش، آج فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان
اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری 8 ارب روپےکی مشکوک ٹرانزیکشن کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہوگئے، آج فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔
احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی سابق صدر کے خلاف 8 ارب روپےکی مشکوک ٹرانزیکشن کیس کی سماعت کر رہے ہیں.
سابق صدر آصف زرداری اور ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک احتساب عدالت میں موجود ہیں۔
آصف زرداری نے احتساب عدالت میں پیش ہوکر فرد جرم عائد کرنے کے بجائے بریت کی درخواست دی ہے۔
زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ فرد جرم عائد نہیں ہوسکتی، نیب ترمیمی آرڈیننس کے بعد کیس نہیں بنتا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج نے 8 ارب روپےکی مشکوک ٹرانزیکشن کیس کی گزشتہ سماعت پر ریمارکس دیئے تھے کہ آصف زرداری پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کریں گے