ایشین گیمز نوجوان کھلاڑیوں کو خود کو منوانے کا بہترین موقع فراہم کریں گے، مائیک ہیسن

لاہور: پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ایشین گیمز 2026 کے لیے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ منتخب کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد آئندہ ورلڈکپ سے قبل باصلاحیت کھلاڑیوں کا دائرہ وسیع کرنا ہے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ پاکستان آئندہ 6 ماہ کے دوران نوجوان کرکٹرز کا تفصیلی جائزہ لینا چاہتا ہے تاکہ ورلڈکپ کے لیے بہترین اور متوازن ٹیم کا انتخاب کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کھلاڑیوں کا پول بڑھانا چاہتے ہیں اور نوجوان ٹیلنٹ کو آزمانا چاہتے ہیں، تاکہ ورلڈکپ کے لیے درست فیصلے کیے جاسکیں۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ون ڈے ٹیم مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے جب کہ ایشین گیمز نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر خود کو منوانے کا بہترین موقع فراہم کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ منتخب اسکواڈ متوازن ہے اور اس میں ایسے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں، جو مختصر طرز کی کرکٹ کے لیے زیادہ موزوں ہیں۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ ایشین گیمز صرف بھارت کے خلاف مقابلے تک محدود نہیں، بلکہ افغانستان، سری لنکا اور بنگلادیش بھی مضبوط حریف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم صرف ایک ٹیم کو سامنے رکھ کر تیاری نہیں کرسکتے، کئی ٹیمیں خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں، اسی لیے ہم نے ایک متوازن اسکواڈ منتخب کیا ہے۔
ایشین گیمز 2026 کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں صاحبزادہ فرحان کو کپتان اور عبدالصمد کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے جب کہ دیگر نوجوان کھلاڑیوں میں ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔