ٹرمپ کے صدر منتخب ہوتے ہی مسک کی دولت کھربوں روپے بڑھ گئی

واشنگٹن: ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص ہیں اور امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی نے ان کی دولت میں کھربوں روپے کا اضافہ کردیا ہے۔
ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک کی دولت میں ایک دن میں 26.5 ارب ڈالرز (73 کھرب پاکستانی روپے سے زائد) کا اضافہ ہوا۔
ایلون مسک امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے پرجوش حامی کے طور پر سامنے آئے۔
انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لیے 11 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز عطیہ کیے جب کہ سیاسی ریلیوں میں بھی شرکت کی۔
بلومبرگ کے مطابق اب اس کا فائدہ بھی انہیں ہوا ہے اور 26.5 ارب ڈالرز اضافے کے ساتھ ان کی دولت 290 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔
امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج کے بعد ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں 14.75 فیصد اضافہ ہوا۔
مجموعی طور پر 2 دن کے دوران اس کمپنی کے حصص کی قیمتوں میں 18.81 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
خیال رہے کہ ایلون مسک ٹیسلا کے 21 فیصد حصص کے مالک ہیں اور ان کی مجموعی دولت کا 68 فیصد حصہ بھی اسی کمپنی کے حصص سے منسلک ہے۔
امریکی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی سے صرف ایلون مسک کو ہی فائدہ نہیں ہوا بلکہ دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص جیف بیزوز کی دولت 7.14 ارب ڈالرز اضافے کے بعد 228 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح اوریکل کے شریک بانی لیری ایلیسن کے اثاثوں میں 9.88 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا اور اب وہ 193 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص ہیں۔
بل گیٹس کی دولت میں 1.82 ارب ڈالرز، گوگل کے شریک بانیوں لیری پیج اور سرگئی برن کی دولت میں بالترتیب 5.53 اور 5.17 ارب ڈالرز جب کہ وارن بفٹ کی دولت میں 7.58 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔