معذور شوہر نے ٹھیک ہوتے ہی باوفا بیوی کو طلاق دیکر دوسری شادی کرلی
کوالالمپور: ایک ملائیشین خاتون نے انکشاف کیا ہے کہ 6برس سے ان کا شوہر معذور تھا، جس نے صحت یاب ہوتے ہی انہیں طلاق دے کر دوسری شادی کرلی۔
خاتون نورالسیزوانی گزشتہ 6 برس سے اپنی اور اپنے شوہر کی زندگی کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کررہی تھیں، وی لاگنگ میں وہ اپنی روزمرہ کے معاملات سے مداحوں کو آگاہ کرتی تھیں۔
انہوں نے اپنی ویڈیوز میں بتایا کہ کس طرح وہ اپنے بیمار اور معذور شوہر کو ٹیوب کے ذریعے کھانا کھلاتی اور باقی دیکھ بھال کرتی ہیں۔
نورالسیزوانی کے شوہر کی گاڑی کو ایک حادثہ پیش آیا تھا اور انہیں دوبارہ چلنے پھرنے کے لیے 6 سے 7 سال کا عرصہ درکار تھا، تاہم اب حال ہی میں ایک فیس بک پوسٹ کے ذریعے خاتون نے بڑا انکشاف کیا۔
اپنی پوسٹ میں نورالسیزوانی نے لکھا کہ میں اپنے سابق شوہر کو ان کی شادی پر مبارک باد دیتی ہوں، امید ہے ان کی نئی اہلیہ ان کا ویسے ہی خیال رکھیں گی جیسے میں نے رکھا۔
بعدازاں نور نے وہ پوسٹ فیس بک سے ڈیلیٹ کردی، جس پر صارفین کی جانب سے ان کے سابق شوہر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔
البتہ خاتون کی جانب سے طلاق اور پھر شوہر کی جانب سے دوسری شادی کی جانے کی وجہ نہیں بتائی گئی۔