مصنوعی ذہانت، سب سے زیادہ مہنگی مہارت کون سی ہوگی؟
ٹیکساس: مصنوعی ذہانت کے بڑھتے اثرات کے باعث بہت سے افراد اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کی خاطر نئی مہارتیں سیکھنے پر راغب ہیں۔
بہت سے لوگ ملازمت کے بہتر امکانات کے لیے کوڈنگ یا آرٹیفیشل انٹیلی جنس جیسی ٹیکنالوجیز سیکھنے کے حامی ہیں، لیکن امریکی ارب پتی کاروباری شخصیت پروفیسر اسکاٹ گیلوے نے اپنے حالیہ انٹرویو میں نوجوانوں کو اسٹوری ٹیلنگ اسکل سیکھنے پر زور دیا ہے۔
نیویارک یونیورسٹی میں مارکیٹنگ پروفیسر کے طور پر اسکاٹ گیلوے یقین رکھتے ہیں کہ جب تک ٹیکنالوجی آگے بڑھے گی، ڈیٹا کی مدد سے خیالات کو پہنچانے کی صلاحیت انمول ہوگی۔
اسکاٹ گیلوے نے چیٹ جی پی ٹی اور اے آئی جیسے ٹولز پر زیادہ انحصار کے خلاف خبردار کرتے ہوئے پیشہ ور افراد کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے متعلقہ شعبوں میں اپنے کام کا ماہر بننے پر توجہ دیں۔
بزنس مین اور پروفیسر نے کہا کہ اگر میں اپنے 13 اور 16 سالہ بچے کو کوئی قابلیت دے سکتا ہوں، جس سے وہ میرے خیال میں وقت کی کسوٹی پر کھڑا ہوسکے گا تو وہ اسٹوری ٹیلنگ اسکل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اسٹوری ٹیلنگ کی قسم طے نہیں ہوسکتی، کیونکہ مواصلاتی پلیٹ فارم مسلسل تیار ہورہے ہیں، جو چیز واقعی اہم ہے وہ اچھی طرح سے لکھنے، خیالات کو بیان کرنے، ڈیٹا، انفوگرافکس، سلائیڈ شوز کے ساتھ خیالات پیش کرنے کی صلاحیت ہے۔
قبل ازیں فوربس میگزین نے کہا تھا کہ اس سال ڈیٹا کمیونیکیشن اور ڈیٹا اسٹوری ٹیلنگ دو ایسی اہم مہارتیں ہوں گی جس کی مارکیٹ میں بہت زیادہ مانگ ہوگی۔
ایک اندازے کے مطابق 2025 میں 70 فیصد نوکریاں براہ راست ڈیٹا سائنس کے ساتھ جڑی ہوئی ہوں گی، آپ کے ہتھیاروں میں سب سے طاقتور ٹولز میں سے ایک ڈیٹا ہے۔
ڈیٹا اسٹوری ٹیلنگ کے ذریعے آپ پیچیدہ موضوعات کو اس انداز میں پیش کرسکتے ہیں، جس کے لیے زیادہ تکنیکی علم کی ضرورت نہیں ہے۔
جدید ٹولز اور تکنیکوں کا استعمال کرتے ہوئے آپ متعلقہ معلومات کا جائزہ لے سکتے ہیں، ڈیٹا کے رجحانات کی مدد سے درست کاروباری فیصلوں میں بھی مدد ملتی ہے۔