27 فروری کے شاندار کارنامے کی روداد بیان کرتا آرٹ ورک!
کراچی: بھارتی فضائی حملے کا منہ توڑ جواب دینے والے پاک فضائیہ کے آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کی دوسری سالگرہ پوری قوم عزم و حوصلے کی یادگار کے طور پر منارہی ہے۔
اس موقع کو یادگار بنانے اور نئی نسل کے ذہنوں میں پاکستانی ہیروز کو زندہ رکھنے کے لیے کراچی میں پائلٹس کو تربیت فراہم کرنے والے ادارے اسکائی ونگز نے اچھوتا کام کیا ہے، جس نے گرفتار بھارتی سورما ابھی نندن اور پاکستانی ہیرو حسن صدیقی کی تصاویر تربیتی سیسنا طیارے پر پینٹ کروائی ہیں۔
اس کے ساتھ ہی 1965 کی جنگ میں 5 بھارتی طیارے تباہ کرکے عالمی ریکارڈ بنانے والے ایم ایم عالم کی تصویر بھی طیارے پر پینٹ کی گئی ہے، اس آرٹ ورک کو محبت اور امن کا عنوان دیا گیا ہے۔
تربیتی طیارے پر کشمیر کی حسین وادی کے ساتھ پاکستان اور کشمیر کے پرچموں کی تصویر کشی کرکے اقوام متحدہ کو پیغام دیا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر ابھی تک حل طلب ہے۔
سیسنا طیارے پر تصویر کشی معروف ٹرک آرٹسٹ حیدر علی نے کی ہے اور وہ یہ کام کرتے ہوئے انتہائی پُرجوش تھے۔
اسکائی ونگ کے سربراہ عمران اسلم خان کا کہنا ہے کہ مشرقی تیمور کو تو اقوام متحدہ نے اپنی ایک قرارداد کے ذریعے فوری علیحدہ وطن کا درجہ دے دیا جب کہ کشمیر اس سے زیادہ پرانا تنازع ہونے کے باوجود اقوام متحدہ کی متفقہ قراردادوں پر عمل درآمد کا منتظر ہے۔
ابھی نندن کی تصویر کو دشمن ہونے کے باوجود مہذب انداز میں پینٹ کرنے کے بارے میں عمران اسلم نے کہا کہ جنگی قیدیوں سے اچھا سلوک ہمارے مذہب کی تعلیمات میں شامل ہے۔