ارشد ندیم کا وطن واپس پہنچنے پر شان دار استقبال

لاہور: ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے۔
وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی، صدر ایتھلیٹکس فیڈریشن اکرم ساہی اور دیگر نے لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر اولپمین ارشد ندیم کا شاندار استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور گلدستہ پیش کیا۔
ایئرپورٹ کے باہر عوام کی بڑی تعداد بھی قومی ہیرو کا استقبال کرنے کے لیے موجود تھی اور جیسے ہی ارشد ندیم ایئرپورٹ سے باہر آئے تو عوام کی جانب سے پاکستان زندہ باد، ارشد ندیم زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا جس جس نے میرے لیے دعا کی ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، لوگوں کی دعاؤں کی وجہ سے ہی دنیا میں شہرت ملی۔
ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ میں نے بہت محنت کی اور پانچویں نمبر پر آیا، سپورٹ کرنے پر پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پنجاب اسپورٹس بورڈ کا شکر گزار ہوں، میری جو سرپرستی کی گئی اس سے مطمئن ہوں۔
قومی ایتھلیٹ کا کہنا تھا جو خامیاں رہیں ان پر قابو پاکر آئندہ بہترین کھیل کا مظاہرہ کروں گا، اپنی کارکردگی سے آئندہ مداحوں کو مایوس نہیں کروں گا۔
بعدازاں آبائی شہر میاں چنوں پہنچنے پر ارشد ندیم کا شان دار استقبال کیا گیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ لوگ اپنے ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب نظر آئے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔