نوجوان چیلنجز سے نمٹنے کیلیے جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائیں، آرمی چیف
لندن: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی برطانیہ میں رائل ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت۔
رائل ملٹری اکیڈمی سینٹ ہرسٹ میں 213 ویں کمشننگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خصوصی شرکت کی، آرمی چیف نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔
آرمی چیف کو رائل ملٹری کے چاق وچوبند دستے کی جانب سے سلامی دی گئی، جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کے پہلے سربراہ ہیں جو اس پریڈ میں شریک ہوئے۔
رائل ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 41 غیر ملکی کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہوئے، جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے 2 کیڈٹس عبداللہ اور مجتبیٰ بھی شامل ہیں۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ تمام حاضرین اور ناظرین کو سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات دوستی اور باہمی تعاون پر مبنی ہیں۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، 41 غیر ملکی کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہورہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ عصر حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائیں، پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات دوستی اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔
خیال رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ پاکستان کے پہلے آرمی چیف ہیں جنہیں رائل ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی۔