9 مئی کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ 9 مئی کے تاریک دن پر قوم کے لیے شرمندگی لانے والے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سیالکوٹ گیریژن کا دورہ کیا اور شہدا کی یادگار پر پھول رکھے۔
آرمی چیف نے قوم کی عظمت، عزت اور وقار کے لیے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کسی کو شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور شہدا مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سرکاری اہلکاروں اور پاکستانی عوام کے لیے فخر کا باعث ہیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ منصوبہ بندی سے کیے گئے حالیہ المناک واقعات کی دوبارہ اجازت نہیں دی جائے گی، پاکستانی عوام کے دلوں میں شہدا کا عظیم مقام ہمیشہ قائم رہے گا، شہدا افواج پاکستان کی رینک اینڈ فائل کے لیے فخر کا باعث ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے تاریک دن پر قوم کے لیے شرمندگی لانے والے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مسلح افواج تمام شہدا اور ان کے اہل خانہ کو ہمیشہ مقدم رکھتے ہیں، مستقل طور پر شہدا کی عظیم قربانیوں کو انتہائی عزت اور وقار سے دیکھتے ہیں۔
آرمی چیف نے ماتحت فارمیشنزکی محنت، لگن، بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
جنرل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور کہا کہ فوج پیشہ ورانہ مہارت اور اندرونی و بیرونی چیلنجز پر توجہ مرکوز رکھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پروپیگنڈا وار فیئر سے نمٹنے کے لیے ہر طرح کی تیاری پر توجہ مرکوز رکھنے پر زور دیا۔
دھیان رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس میں فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کیا تھا۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے جناح ہاؤس لاہور سمیت فوجی تنصیبات، شہدا کی یادگاروں، تاریخی عمارتوں، سرکاری املاک اور گاڑیوں کو آگ لگادی تھی اور پاک فوج نے 9 مئی کو یوم سیاہ قرار دیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔