آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اور سعودی ولی عہد کی ملاقات

ریاض: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی صورت حال اور دیگر چیلنجز پر غور کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں، اس دوران خطے میں امن و امان کی صورت حال اور افغان امن عمل میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ سعودی ولی عہد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان مملکت سعودی عرب کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور حرمین شریفین کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں، دونوں اقوام مسلم امہ کی بہتری، امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔