آرمی چیف کی تاجروں کو ایس آئی ایف سی کیساتھ کام کرنے کی دعوت

کراچی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے تاجر برادری کو ایس آئی ایف سی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دی ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دورۂ کراچی میں تاجروں سے ملاقات کی، اس دوران معیشت سے متعلق اہم امور زیر بحث آئے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ کراچی کی کاروباری برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے، ایک سال پہلے کہا تھا کہ مایوس مت ہوں، مایوسی گناہ ہے، پاکستان کی خوش حالی کے بارے میں کبھی امید نہیں چھوڑنا، معاشرے میں مایوسی پیدا کرنے کی ناکام کوششوں کو اجتماعی کاوشوں سے شکست دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے، بے پناہ وسائل اور صلاحیت کے پیش نظر پاکستان اقوام عالم میں اپنا جائز مقام حاصل کرنا چاہتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مغربی سرحد پر اسمگلنگ پر قابو پانے سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے، برادر دوست ممالک کا پاکستان کی معاشی بحالی میں کردار قابل ستائش ہے، چین، سعودی عرب اور یو اے ای کی جانب سے پاکستان کی معاشی بحالی میں کردار قابل ستائش ہے جب کہ گوگل اور دیگر بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہیں، کاروباری برادری کے تعاون کے بغیر یہ کامیابیاں ممکن نہ تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل پر سب کو غیر متزلزل اعتماد ہونا چاہیے، فوج غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کے لیے پُرعزم ہے۔
اس دوران آرمی چیف نے تاجر برادری کو ایس آئی ایف سی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دی۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔