تین سیاسی جماعتوں کے علاوہ سب سے بات ہوگی، عمران خان
راولپنڈی: پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تین جماعتوں کے سوا سب سے بات کریں گے، تین رکنی کمیٹی ڈیل کے لیے نہیں بات چیت کے لیے بنائی ہے۔
عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ بات چیت مخالفین سے ہوتی ہے، دوستوں سے نہیں اور ڈیل وہ کرتا ہے جسے ملک سے باہر جانا ہو یا پھر جیل و سزا سے بچنا ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہم اٹھارہ ماہ سے کہہ رہے ہیں کہ بات چیت کے لیے تیار ہیں کیونکہ سیاست میں بات چیت ہوتی ہے اور ہم تین جماعتوں کے علاوہ سب سے بات کریں گے جس کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ میں نے کمیٹی کو صرف بات چیت کا اختیار دیا ہے اور اس میں کسی قسم کی ڈیل کا کوئی تعلق نہیں ہوگا اور نہ ہی میری جیل سے باہر آنے کی کوئی خواہش ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اب یہ مجھ پر توشہ خانہ کا چوتھا کیس بنانے جارہے ہیں، انہیں جو بھی مقدمات بنانے ہیں وہ ایک ہی بار بنالیں مگر میں اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔