کرکٹ ورلڈکپ کا ایک اور بڑا اپ سیٹ، نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو ہرادیا

دھرم شالہ: ورلڈکپ 2023 کا ایک اور بڑا اپ سیٹ سامنے آیا ہے، نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو 38 رنز سے شکست دے دی۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی نیدرلینڈ نے جنوبی افریقا کو ہرایا تھا۔
دھرم شالہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کے 246 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 42.5 اوورز میں 207 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بارش کے باعث میچ کو 43، 43 اوورز تک محدود کیا گیا تھا۔
ورلڈکپ کا پہلا اپ سیٹ اتوار کو ہوا، جب افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 69 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کی۔ یاد رہے کہ نیدرلینڈز نے 2022 میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں بھی جنوبی افریقا کو شکست دیکر ٹورنامنٹ سے باہر کیا تھا۔
جنوبی افریقا جو اس میچ سے پہلے 2.36 نیٹ رن ریٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھا اب بھی اسی پوزیشن پر ہے تاہم اس کا نیٹ رن ریٹ کم ہو کر 1.385 ہوگیا ہے۔ نیدرلینڈز 2 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر آگیا۔
یہ نیدرلینڈز کی ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی ہے۔ جنوبی افریقا نے اپنے پہلے دونوں میچز میں فتح حاصل کی تھی اور نیدرلینڈز کو اپنے دونوں میچز میں شکست ہوئی تھی۔ ٹورنامنٹ میں شامل تمام 10 ٹیمیں اب اپنے تین، تین میچز کھیل چکی ہیں۔
246 رنز کے تعاقب میں نیدرلینڈز کے سامنے جنوبی افریقا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ ڈیوڈ ملر کے سوا کوئی بھی کھلاڑی قابل ذکر رنز نہ بناسکا۔ اوپنرز کوئنٹن ڈی کوک 20 رنز اور ٹیمبا بووما 16 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
جنوبی افریقا کی تیسری وکٹ 42 کے مجموعی اسکور پر گری۔ ایڈن مارکرم 1 رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ 44 کے مجموعی اسکور پر راسی وین ڈیر ڈوسن بھی 4 رنز بناکر چلتے بنے۔
ہینرک کلاسن 28 رنز، مارکو جانسن 9 رنز اور ڈیوڈ ملر 43 رنز بناکر ہمت ہار گئے۔ جیرالڈ کوٹزی 22 رنز اور کاگیسو رباڈا 9 رنز بناسکے۔ کیشو مہاراج نے 40 رنز بنائے جبکہ لونگی نگیڈی 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
نیدرلینڈز کی طرف سے لوگن وین بیک نے 3، باس ڈی لیڈے، روئیلوف وین ڈیر مروے اور پال وین میکرین نے 2،2 وکٹیں جبکہ کولن ایکرمین نے 1 وکٹ حاصل کی۔
نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 43 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے۔ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز ناقابل شکست 78 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
نیدرلینڈ کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے۔ وکرم جیت سنگھ 2 رنز بناکر ربادا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ میکس او ڈاؤڈ 18 رنز، باس ڈی لیڈے 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
کولن ایکرمین 12 رنز، سائبرینڈ اینجلبرچٹ 19 رنز، تیجا ندامانورو 20 رنز، لوگن وین بیک 10 اور روئیلوف وین ڈیر مروے 29 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
آریان دت 23 اور کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 78 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کے لنگی نگڈی، ماکرو جانسین اور کاگیسو ربادا نے دو، دو وکٹیں جبکہ گیرالڈ کوئیٹزی اور کیشو مہاراج نے ایک ایک وکٹ لی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔