فون کالز، ایس ایم ایس، انٹرنیٹ پر ٹیکس نہ لگانے کا اعلان
اسلام آباد: فون کالز، ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ پر حکومت نے ٹیکس نہ لگانے کا بڑا اعلان کردیا۔ اس ضمن میں وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ فون کالز، ایس ایم ایس، انٹرنیٹ پر ٹیکس لاگو نہیں ہوگا، کابینہ نے ان تجاویز کی منظوری نہیں دی، 3 منٹ کی کال پر ایک روپیہ، ایس ایم ایس پر 10 پیسے ٹیکس کی تجویز تھی۔
اسلام آباد میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت کا کہنا تھا کہ چھوٹے قرض داروں سے 99 فیصد ریکوری کا تجربہ کرچکے، اخوت فاؤنڈیشن نے 150 ارب کا قرض دیا، اپنی چھت کیلئے 20 لاکھ روپے تک قرض فراہم کریں گے، ملک بھر میں صحت کارڈ فراہم کریں گے، پائیدار ترقی کے حصول کیلئے مستقبل کو مدنظر رکھ کر فیصلے کیے، کاروبار کے آغاز کے لیے ہر خاندان کو 5 لاکھ روپے قرض دیں گے، مستحکم اور پائیدار ترقی کے لیے پیداوار بڑھانا بہت ضروری ہے، ایکسپورٹ کو بڑھاکر جی ڈی پی کا 20 فیصد کرنا ہوگا، بجٹ میں مختلف شعبوں کو ٹیکس میں رعایت فراہم کی، زراعت، انڈسٹری سمیت مختلف شعبوں میں ٹیکس کی رعایت دی۔
وفاقی وزیر خسرو بختیار نے کہا کہ صنعت کا پہیہ چلانے کے لیے بجلی اور گیس درکار ہے، معیشت کا پہیہ تبھی چلے گا جب صنعت کا پہیہ چلے گا، برآمدات کو تقویت دینے کے لیے انقلابی اقدامات کیے گئے، کراچی میں 1500 ایکڑ رقبے پر محیط انڈسٹریل زون قائم کررہے ہیں، چھوٹی اور گھریلو صنعتوں پر خصوصی توجہ ہے۔
اس موقع پر مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر میں نئے ایریاز میں جانا ہے، ہمیں ٹیکنیکل ٹیکسٹائل کی طرف جانا ہوگا، ہماری زیادہ تر توجہ انجینرنگ، آئی ٹی، فوڈ پروسیسنگ پر ہے۔