منشیات کے تدارک کیلیے اے این ایف، سندھ رینجرز اور پولیس کے اقدامات
کراچی: آج پاکستان سمیت دُنیا بھر میں منشیات کی روک تھام کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ منشیات کے عفریت نے دُنیا بھر میں بڑے پیمانے پر تباہ کاریاں مچائی ہیں، دُنیا کے اکثر ممالک اس کے تدارک کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں۔
پاکستان بھی اس کی روک تھام کی خاطر اقدامات ممکن بنارہا ہے۔ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کرنے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششیں کسی سے پوشیدہ نہیں۔
صوبہ سندھ میں اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان، سندھ رینجرز، سندھ پولیس اور دیگر ادارے مشترکہ طور پر منشیات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عملی اقدامات کررہے ہیں، اس گھناؤنے دھندے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا ہے اور بھاری مقدار میں منشیات ضبط کی گئی ہے۔
عالمی یوم انسداد کے موقع پر اے این ایف سندھ کی پریس ریلیز کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں کے دوران اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ، پاکستان رینجرز سندھ اور سندھ پولیس نے صوبے بھر میں منشیات کی روک تھام کے لیے آپریشن کرکے 28 ہزار 8 سو 41 مقدمات درج کرتے ہوئے 45899.88 کلوگرام منشیات ضبط کی، جس کی مالیت اربوں روپے بنتی ہے۔ 38 ہزار ایک سو 70 ملزمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا گیا۔
اے این ایف کی جانب سے منشیات کے خلاف آگہی کے ضمن میں پروگرامز کا انعقاد بھی کیا جاتا رہتا ہے۔ انسداد منشیات کے عالمی دن پر اے این ایف سندھ، پاکستان رینجرز سندھ اور سندھ پولیس کے تعاون سے آگہی کے سلسلے میں ونٹیج کار ریلی اور سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا، جو نشان پاکستان چوک سے شروع ہوکر مزار قائد پر اختتام پذیر ہوئی۔