پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کی سزا کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان کی سزا کے خلاف اپیل دائر کردی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف اپیل خواجہ حارث اور بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی۔
اپیل میں استدعا کی گئی کہ توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ خلاف قانون ہے، مرکزی اپیل پر فیصلے تک سزا معطل کرکے چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کا حکم دیا جائے اور سزا کو کالعدم قرار دیا جائے۔
5 اگست کو ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد پولیس نے عمران خان کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کیا تھا۔
گزشتہ روز اٹک جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ان کے وکیل نعیم حیدر کی ملاقات کرائی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد نعیم حیدر پنجوتھا کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ انہیں سی کلاس میں رکھا ہوا ہے، چھوٹا سا کمرہ دیا گیا ہے جس میں اوپن واش روم ہے، عمران خان کو دیے گئے کمرے میں دن کو مکھیاں اور رات کو کیڑے ہوتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔