ہاتھوں سے محروم شخص ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے میں کامیاب
چنئی: دونوں ہاتھوں سے معذور شخص باآسانی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر چنئی کا رہائشی 30 سالہ تھامسن دونوں ہاتھوں سے معذور ہونے کے باوجود اپنی ٹانگوں سے گاڑی چلانے کا ہنر رکھتا ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ تھامسن کو 10 سال کی عمر میں کرنٹ لگا تھا، جس کے سبب اس کے دونوں ہاتھ کہنیوں سے کاٹنے پڑے، لیکن تھامسن نے اپنی معذوری کو مجبوری نہیں بننے دیا اور وہ اپنے تمام کام بخوبی سرانجام دیتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹرز کی جانب سے تھامسن کو فٹ قرار دینے پر چنئی انتظامیہ کی جانب سے اسے 10 سال کا ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا گیا، جس پر تھامسن کا کہنا تھا کہ وہ گاڑی چلا کر بہت خوش ہے اور لائسنس حاصل کرنے کے بعد اب وہ باآسانی سفر کرسکے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تھامسن شادی شدہ اور ایک بچے کا باپ ہے، اس نے شہر اندور سے تعلق رکھنے والے دونوں ہاتھوں سے معذور شخص سے متاثر ہوکر گاڑی چلانا سیکھی، جسے 2016 میں ڈرائیونگ لائسنس ملا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گاڑی سیکھنے کے بعد تھامسن کو ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا تھا، لیکن 2013 میں جب اسے کیرالہ سے تعلق رکھنے والی دونوں ہاتھوں سے معذور خاتون کے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے بارے میں معلوم ہوا تو اس نے ڈاکٹرز سے اپنا فٹنس سرٹیفکیٹ بنوایا اور یوں وہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔