اردو ادب کا بڑا نام امجد اسلام امجد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے

لاہور: اردو ادب کی دُنیا کا بڑا نام، امجد اسلام امجد 78 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔
معروف شاعر، ادیب اور ڈرامہ نویس امجد اسلام امجد کے اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔
امجد اسلام امجد 4 اگست 1944 کو لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1967 میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے (اردو) کیا، 1968 تا 1975 ایم اے او کالج لاہور کے شعبہ اردو میں استاد رہے اور اگست 1975 میں امجد اسلام امجد کو پنجاب آرٹ کونسل کا ڈپٹی ڈائریکٹر مقرر کیا گیا۔
90 کی دہائی میں امجد اسلام امجد کی خدمات دوبارہ محکمہ تعلیم کے سپرد کی گئیں اور وہ دوبارہ ایم اے او کالج میں ہی شعبہ تدریس سے منسلک ہوگئے۔
اردو ادب کی دُنیا میں امجد اسلام امجد نے شاعر، ڈرامہ نگار اور نقاد کی حیثیت سے شہرت حاصل کی، ان کے مشہور ڈراموں میں وارث، دن اور فشار شامل ہیں، امجد اسلام امجد کا شعری مجموعہ برزخ اور جدید عربی نظموں کے تراجم عکس کے نام سے شائع ہوئے، مزید براں افریقی شعرا کی نظموں کا ترجمہ کالے لوگوں کی روشن نظمیں کے نام سے شائع ہوا۔
امجد اسلام امجد کو ستارہ امتیاز، صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سمیت کئی اعزازات سے نوازا گیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔