امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ ارب پتی فنکاروں کی فہرست میں شامل ہوگئیں

واشنگٹن: امریکا سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ بھی ارب پتی بن گئی ہیں، جس کے بعد وہ بھی اب اُن ارب پتی فنکاروں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں جو اپنے بہترین کام کی وجہ سے ارب پتی بنے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 33 سالہ ٹیلر سوئفٹ کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 1.1 ارب ڈالرز ہوگئی ہے، گلوکارہ نے اپنی دستاویزی فلم “ٹیلر سوئفٹ: دی ایراز ٹور” سے ریکارڈ توڑ کمائی، جس کے بعد وہ ارب پتی گلوکارہ بن گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹیلر سوئفٹ کے 5 گھر ہیں، جن کی مالیت 11 کروڑ ڈالرز ہے جب کہ وہ صرف ایک میوزک کنسرٹ میں پرفارم کرنے کے لیے قریباََ 1 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز تک کا معاوضہ لیتی ہیں۔
ٹیلر سوئفٹ نے اپنے میوزک کنسرٹ کے ٹکٹ کی فروخت سے 37 کروڑ ڈالرز کمائے جب کہ گلوکارہ کے گانوں کے ذریعے 40 کروڑ ڈالرز کی کمائی ہوئی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ٹیلر سوئفٹ نے مختلف اسٹریمنگ سروسز کے ذریعے 12 کروڑ ڈالرز کی آمدن حاصل کی۔
خیال رہے کہ کچھ ماہ قبل ٹیلر سوئفٹ نے امریکا میں میوزک ٹور کے دوران اپنے سامان کی ایک جگہ سے دوسری جگہ بحفاظت منتقلی پر 50 ٹرک ڈرائیورز کو 5 ملین ڈالرز کا بونس دیا تھا۔
بیرون ملک کے میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ گلوکارہ نے اپنے اس ملک گیر کنسرٹس سے 1 بلین ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کیا تھا، یہی وجہ تھی کہ انہوں نے کمائی ہوئی رقم دل کھول کر اپنی ٹیم میں بھی تقسیم کی۔
ٹیلر نے ٹرک ڈرائیورز کو بونس دینے کے علاوہ اپنے بینڈ کے اراکین، ڈانسرز، لائٹنگ اور ساؤنڈ ٹیکنیشنز اور دیگر عملے کو بھی کام کے معاوضے کے علاوہ بونس دیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔