افغانستان سے غیر ملکیوں کو کراچی نہ لانے کا فیصلہ
اسلام آباد: افغان ٹرانزٹ مسافروں کی منتقلی کے منصوبے میں بڑی تبدیلی، غیر ملکیوں کو کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ مؤخر۔
اس حوالے سے ذرائع سول ایوی ایشن کے مطابق امریکا کی جانب سے افغانستان سے نکالے گئے افراد کو کراچی نہ لانے کا فیصلہ سیکیورٹی وجوہ کی بنا پر کیا گیا ہے، افغانستان سے منتقل کیے جانے والے افغان باشندوں اور غیر ملکی شہریوں کو اب صرف اسلام آباد لایا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکا نے افغانستان سے نکالے جانے والے افراد کی تعداد میں بھی کافی کمی کردی ہے اور افغان ٹرانزٹ مسافروں کی منتقلی کے لیے لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کو فی الحال اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرانزٹ مسافروں کی منتقلی کے منصوبے میں تبدیلی سے سندھ حکومت کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اسلام آباد لائے جانے والے افغان ٹرانزٹ مسافروں کو کم از کم وقت میں پاکستان سے منتقل کیا جائے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اسلام آباد آنے والے ٹرانزٹ مسافروں کو چند گھنٹوں میں ہی ایئرپورٹ سے کسی دوسرے ملک منتقل کردیا جائے گا، صرف انتہائی ضرورت پر ہی ٹرانزٹ مسافروں کو اسلام آباد کے ہوٹلز میں رکھا جائے گا۔