امریکا روس پر نئی پابندیاں عائد کرے گا؟

واشنگٹن: جوبائیڈن انتظامیہ کی جانب سے روس پر نئی پابندیاں متوقع ہیں، جس کا اعلان آج کیا جاسکتا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں ہونے والے سائبر حملوں اور الیکشن میں مداخلت پر امریکی حکومت کی جانب سے روس پر مزید نئی پابندیاں لگائی جاسکتی ہیں، جس کا اعلان آج کسی بھی وقت کیا جاسکتا ہے، اس فہرست میں 20 روسی اداروں سمیت 12 روسی سرکاری اور خفیہ ایجنسی کے اہلکار شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سائبر حملوں اور الیکشن میں مداخلت کے خلاف 10 روسی حکام کو بھی امریکا سے بے دخل کردیا جائے گا، جن میں واشنگٹن اور نیویارک میں تعینات روسی سفارت کار بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب امریکی حکام پابندیوں سے متعلق یورپین اتحادی ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں جب کہ روس پر پابندیاں ایگزیکٹو آرڈر کی صورت عائد کی جاسکتی ہیں۔
خیال رہے ایک امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 2020 کے انتخابات میں روس کے صدر پوتن کے ساتھ ایران نے بھی انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی، رپورٹ منظرعام پر آنے کے بعد امریکا کے صدر جوبائیڈن نے کہا تھا کہ روسی صدر پوتن کو 2020 کے امریکی انتخاب میں مداخلت کی قیمت چکانی پڑے گی۔
اس سے قبل 2016 کے صدارتی انتخاب میں بھی ڈیموکریٹک امیدوار ہلیری کلنٹن کے خلاف صدر ٹرمپ کو مدد فراہم کرنے کے حوالے سے روس پر الزامات عائد کیے گئے تھے اور سابق صدر کو اپنی مدت میں مسلسل اس الزام کا سامنا رہا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔