طالبان کو براہ راست امداد کیلئے وعدے پورے کرنے ہوں گے: امریکا
واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن کے مشیر برائے قومی سلامتی جیک سلیوان کا کہنا ہے کہ اتحادیوں اور اقوام متحدہ سے مل کر افغانستان کی معیشت کو بہتر کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
جیک سلیوان نے کہا کہ براہ راست امداد کے لیے طالبان کو اپنے وعدے پورے کرنے ہوں گے، انسانی ہمدردی اور امداد کے لیے پاکستانی حکومت بھی افغانستان کے لیے پریشان ہے۔
صدر جوبائیڈن کے مشیر برائے قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں جاری صورت حال پر پاکستان امریکا سے تعاون کا خواہش مند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے طالبان اورحقانی نیٹ ورک سے تعلقات پر واضح طور پر کچھ نہیں کہہ سکتا، اس بنیاد پر پاکستان کا افغانستان میں کیسا کردار رہا اس حوالے سے بھی کچھ کہنا مشکل ہے۔