گستاخانہ بیانات، القاعدہ کا بھارت میں خودکُش حملے کرنے کا اعلان

نئی دہلی: بی جے پی کے رہنماؤں کی جانب سے اسلام مخالف گستاخانہ بیانات سامنے آنے کے بعد القاعدہ نے بھارت کے بڑے شہروں میں خودکُش حملوں کی دھمکی دی ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق القاعدہ نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی اور ممبئی سمیت دیگر بڑے شہروں میں خودکُش حملوں کی دھمکی دی ہے۔
القاعدہ نامی عالمی دہشت گرد تنظیم کی جانب سے جاری ایک خط میں پیغام دیا گیا کہ بھارتی رہنماؤں کی جانب سے گستاخانہ بیانات کے بعد نئی دہلی، ممبئی، اترپردیش اور ریاست گجرات میں خودکُش حملے کرنے کے لیے تیار ہیں۔
القاعدہ نے اپنے خط میں یہ بھی لکھا کہ ہم دنیا کے ایسے ہر گستاخ خاص طور پر بھارت میں ہندوتوا کے دہشت گردوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ ہمیں اپنے نبی ﷺ کی عزت کے لیے لڑنا اور کٹ مرنا آتا ہے۔
اس ضمن میں بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ القاعدہ کی دھمکیوں کو سنجیدہ لینا چاہیے جب کہ بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے القاعدہ کی دھمکی کے بعد تمام ریاستوں اور متعلقہ حکام کو اس حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
دھیان رہے کہ بی جے پی کی مرکزی ترجمان نوپور شرما کی جانب سے اسلام اور نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخانہ بیانات سامنے آنے کے بعد بھارت سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کی جانب سے شدید ردعمل آیا۔
سعودی عرب، قطر، یو اے ای، ایران اور پاکستان سمیت مختلف ممالک نے بھارتی سفیروں کو طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا جب کہ اسلامی تعاون کی تنظیم او آئی سی نے بھی بی جے پی رہنماؤں کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے اشتعال انگیز بیانات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔