ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا، کور کمانڈر کوئٹہ سمیت تمام افراد شہید
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز لاپتا ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں گزشتہ روز لاپتا ہونے والے ہیلی کا ملبہ ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہوگئے، شہداء میں ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد بھی شامل ہیں۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہیلی کاپٹر کا ملبہ موسٰی گوٹھ سے مل گیا ہے، ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا، ہیلی کاپٹر سیلاب زدگان کے ریلیف آپریشنز میں مصروف تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں کور کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ڈی جی کوسٹ گارڈ کے علاوہ 4 دیگر جوان اور افسران بھی شہید ہوئے، حادثے سے متعلق مزید تفصیلات تحقیقات کے بعد شیئر کی جائیں گی۔