شادی ہوئی تو اُسکی کامیابی و ناکامی کا ذمے دار میں خود ہوں گا، علی رحمان
کراچی: اداکار علی رحمان خان نے کہا ہے کہ شادی نہ ہوئی ہو تو آنٹیاں یہی سوال کرکے سکون میں نہیں رہنے دیتیں۔
اداکار علی رحمان نے انٹرویو کے دوران کہا کہ مجھ پر میرے والدین نے کبھی اس قسم کا دباؤ نہیں ڈالا کہ شادی کرنی ہی کرنی ہے۔
انہوں نے کہا میں اس بات سے متفق ہوں کہ لوگوں پر معاشرے کا دباؤ ہوتا ہے، میرے چند دوست جب ایک عمر کو پہنچے تو میں نے دیکھا کہ ان پر کتنا سوسائٹی کا پریشر تھا کہ شادی جلدی کرلو۔
علی رحمان نے مزید کہا کہ جب میں 28، 29 سال کا تھا تب والدین نے شادی کے لیے زور دیا لیکن انہوں نے کبھی کچھ مسلط کرنے کی کوشش نہیں کی اور یہ اچھی بات تھی ورنہ ہر وقت میرے ذہن میں رہتا کہ شادی کرنی ہے شادی کرنی ہے اور شاید جلد بازی میں کوئی غلط فیصلہ ہوجاتا اور میں اس شادی سے خوش نہ ہوتا۔
اُن کا کہنا تھا مجھے یہ تسلی ہے کہ جو کروں گا خود کروں گا، اسی لیے کامیابی اور ناکامی کا ذمے دار صرف میں ہی ہوں گا مگر ہمارے معاشرے میں شادی کا دباؤ تو ویسے ہی بہت ہوتا ہے، آنٹیاں بہت دباؤ ڈالتی ہیں کہ بیٹا اب تک شادی کیوں نہیں کی؟ وہ سکون میں نہیں رہتیں، نہ کسی اور کو جینے دیتی ہیں نہ خود جیتی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ لڑکوں سے زیادہ لڑکیوں پر پریشر ہوتا ہے، لڑکوں کو پھر چھوٹ دے دی جاتی ہے۔