رفاح راہداری کے ذریعے امدادی ٹرک غزہ پہنچنے کا سلسلہ شروع

غزہ: رفاح راہداری کے ذریعے امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
بیرون ملک کے میڈیا کے مطابق مصر اور غزہ کی پٹی پر موجود رفاح کراسنگ سے امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ ان کے پاس یہ اطلاعات موجود ہیں کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے امدادی ٹرک براستہ رفاح راہداری غزہ میں داخل ہونا شروع ہوئے۔
حماس میڈیا آفس کے مطابق غزہ میں آج 20 امدادی ٹرکوں نے داخل ہونا ہے، جن پر دوائیاں، طبی آلات اور کھانے پینے کا کچھ سامان موجود ہے۔
عرب اور خلیجی میڈیا نے بھی براستہ رفاح امدادی ٹرکوں کے غزہ میں داخل ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اس سے قبل ورلڈ فوڈ پروگرام کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے انسانی امداد کے لیے کام کرنے والوں کو غزہ تک رسائی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ غزہ میں جاری تصادم عام شہریوں کو بری طرح متاثر کررہا ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ کھانے اور پانی کی قلت بڑھ رہی ہے جب کہ ادویہ اور دیگر چیزوں کی بھی کمی ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ٹرک لوڈ ہیں جو قریباً 5 لاکھ لوگوں کو غذا فراہم کرنے کا انتظار کررہے ہیں، لیکن ہمیں غزہ تک رسائی نہیں ہے، لہٰذا وہاں موجود انسانوں کو امداد کی ضرورت ہے اور ہمیں ہر حال میں اسے تقسیم کرنے کی اجازت دی جائے۔
دوسری جانب فلسطین کے لیے کام کرنے والی اقوام متحدہ کی ایجنسی کا کہنا ہے کہ غزہ میں لڑائی کے آغاز سے اب تک اس کے 17 اسٹاف ارکان جان سے جاچکے ہیں جب کہ ان ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔