پاکستان سے ڈیڑھ لاکھ ہنرمندوں کو بیلا روس بھیجنے پر اتفاق

منسک: پاکستان اور بیلاروس کے درمیان پاکستان سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد تربیت یافتہ اور ہنرمند نوجوانوں کو بیلاروس بھیجنے پر اتفاق کرلیا گیا۔
قبل ازیں بیلا روس کے صدر اور وزیراعظم پاکستان کے درمیان بیلا روس کے ایوان آزادی میں دو طرفہ ملاقات ہوئی۔ پاکستان سے 150,000 سے زائد تربیت یافتہ اور ہنرمند نوجوانوں کو بیلا روس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا، اس حوالے سے لائحہ عمل جلد ترتیب دینے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں کے درمیان طے پایا کہ زرعی شعبے اور زرعی مشینری کی تیاری کے حوالے سے مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا، الیکٹرک گاڑیوں، بسوں کی تیاری اور غذائی تحفظ کے شعبے میں تعاون بڑھایا جائے گا، دفاعی تعاون اور بزنس ٹو بزنس تعاون بڑھایا جائے گا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی امور سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہء خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں کا پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تعلقات کے تمام پہلوؤں میں حالیہ مثبت پیشرفت پر اظہار اطمینان کیا گیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔