بیٹے کی کامیابی کی دعا کی لیکن اچھا انسان بننے کیلئے نہ کرسکی، افشاں قریشی
کراچی: سینئر اداکارہ اور اداکار فیصل قریشی کی والدہ افشاں قریشی کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے بیٹے کی کامیابی کے لیے دعا کی، لیکن اس کے اچھا انسان اور بیٹا بننے کے لیے دعا نہیں کی۔
حال ہی میں ایک ویب شو کے دوران افشاں قریشی کی جانب سے ان خیالات کے اظہار پر مداح خاصی تشویش میں مبتلا دکھائی دیتے ہیں۔
افشاں قریشی کا مزید کہنا تھا کہ جب مرحوم اداکار خالد بٹ عمرہ کرنے جارہے تھے، اس وقت میں نے انہیں اپنے بیٹے کے لیے ایک کاغذ پر دعا لکھ کر دی تھی، جس پر میں شکر گزار ہوں کہ اللہ نے میری دعا سن لی۔
افشاں قریشی نے بتایا کہ اس وقت میں نے اس کاغذ پر لکھا تھا کہ یااللہ میرے بیٹے کو اتنا عروج ملے جیسے لوگ امیتابھ بچن کو جانتے ہیں، میں نے اس کاغذ میں اللہ سے دعا کی تھی کہ جتنا لوگ امیتابھ بچن کو پہچانتے ہیں اتنا میرے بیٹے کو پہچانیں۔
افشاں قریشی کے مطابق میں نے خالد بٹ کو کہا تھا کہ آپ میرے بیٹے کے لیے دعا کرنا اور یہ کاغذ حضورپاک ﷺ کے قدموں میں رکھ کر آنا، اللہ نے میری وہ دعا سن لی، لیکن میں نے اللہ سے اُس وقت وہ دعا نہیں مانگی کہ اللہ اسے بہت اچھا بیٹا اور بہت اچھا انسان بنائے۔
افشاں قریشی نے دوران گفتگو مزید کہا کہ اپنے والدین کی عزت کریں، ماں باپ سے بڑھ کر دنیا میں کوئی نہیں، اگر آپ ان کی عزت کروگے تو آپ کو سکھ ملے گا، اگر آپ والدین کو ٹھکراؤ گے تو خدا ٹھکراتا ہے، ماں باپ کے قدموں کے نیچے جنت ہے اور ان کی دعاؤں میں اثر بھی ہے، آپ یہ نہ سمجھو ماں باپ بوڑھے ہوگئے تو انہیں کچرا سمجھ کر ہٹادیا جائے یا کچرے کے ڈبے میں ڈال دیا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آپ پاکستانی ہیں، مسلمان ہیں اور اسلام سے وابستہ ہیں اگر آپ اسلام سے وابستہ ہیں اور آپ کلمہ گو ہیں تو آپ کے دل میں خوف خدا ہونا چاہیے اور اس خوف خدا کے لیے آپ کو ماں باپ کی عزت کرنا چاہیے۔