خواتین سے خوفزدہ افریقی 50 سال سے تنہا زندگی گزارنے پر مجبور
روانڈا: افریقا سے تعلق رکھنے والے 71 سالہ شخص خواتین سے اس حد تک خوف زدہ ہے کہ نصف صدی سے زائد عرصے سے 15 فٹ کی باڑ میں گھرے ایک الگ تھلگ گھر میں تنہا رہ رہا ہے۔
کیلیٹسے زامویتا صرف 16 سال کا تھا جب اس نے فیصلہ کیا کہ خواتین کی قربت سے خوف ناقابلِ برداشت ہے۔ وہ مخالف جنس کے اردگرد رہنے کو برداشت نہیں کر سکتا تھا، لہٰذا اس نے اپنے معمولی گھر کے اردگرد لکڑی کی باڑ بنائی اور اس کے بعد سے وہاں سے باہر قدم نہیں رکھا۔
تاہم اس کے باوجود زامویتا کی کمیونٹی کی خواتین نے اس عرصے کے دوران ہمیشہ اس کی دیکھ بھال کی، کھانے اور کپڑے جیسی ہر طرح کی چیزیں اس کے صحن میں پھینک دیے جاتے تھے۔ اگرچہ زامویتا نے ان کے لیے کبھی دروازہ نہیں کھولا لیکن وہ ان چیزوں کو استعمال کرتا رہا۔
ایک خاتون نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ جب آپ اس کی مدد کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ نہیں چاہتا کہ ہم اس کے قریب آئیں یا اس سے بات کریں۔ اس کے بجائے ہم چیزیں اس کے گھر میں پھینک کر دیتے ہیں اور پھر وہ آتا ہے اور انہیں اٹھا لیتا ہے۔