افغانستان، نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکا، 3 افراد شہید

کابل: افغانستان کے صوبے ننگرہار کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران زوردار دھماکا ہوا ہے، نتیجے میں 3 نمازی شہید جب کہ امام مسجد سمیت 15 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ننگرہار کے ضلع اسپین گھر کی ایک مسجد میں اُس وقت زوردار دھماکا ہوا جب وہاں نماز جمعہ ادا کی جارہی تھی۔ دھماکے سے پورا علاقہ گونج اُٹھا۔
مقامی طالبان کمانڈر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر مسجد میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے رائٹرز کو بتایا کہ ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ دھماکے کی نوعیت سے متعلق تفتیش جاری ہے۔
دھماکے میں 3 افراد شہید ہوگئے جب کہ امدادی کاموں کے دوران امام مسجد سمیت 15 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے 10 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔ طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے جمعہ کے روز مسجد میں دھماکے کا یہ چوتھا واقعہ ہے، تاہم اس بار سنی مسجد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دھماکوں کی ذمے داری داعش خراسان نے قبول کی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔