افغانستان میں طالبان کی گاڑی پر حملہ، 2 جاں بحق

کابل: افغانستان کے شہر جلال آباد میں روڈ کنارے نصب بم دھماکے میں طالبان کی گاڑی تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جلال آباد میں سڑک کنارے نصب بم اُس وقت زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جب وہاں سے طالبان اہلکاروں کی گشت پر مامور گاڑی گزر رہی تھی۔
دھماکے کے نتیجے میں طالبان کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جب کہ 2 اہلکار موقع پر جاں بحق ہوگئے اور تین شدید زخمی ہیں۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
طالبان کے ایک مقامی کمانڈر نے میڈیا کو بتایا کہ حملے میں 4 اہلکار زخمی ہیں، تاہم اسپتال ذرائع اور عینی شاہدین نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے، تاہم اس علاقے میں داعش خراسان کی جڑیں کافی مضبوط ہیں اور طالبان کے حکومت سنبھالنے کے بعد سے ہر دھماکے اور حملے کی ذمے داری بھی اسی گروپ نے قبول کی ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل ہی ملٹری اسپتال میں حملے میں طالبان کی بدری 313 فورس کے سربراہ سمیت 20 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے اور حملے کی ذمے داری داعش خراسان نے قبول کی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔