نگراں حکومت کی اسمبلی اجلاس بلانے کیلیے صدر کو دوبارہ ایڈوائس ارسال
اسلام آباد: 16 ویں قومی اسمبلی کا افتتاحی سیشن بلانے کے لیے صدر مملکت کے اعتراض پر نگراں وزیراعظم نے صدر کو دوبارہ ایڈوائس ارسال کردی، ساتھ ہی قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو اجلاس طلب کرنے کا اختیار دے دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے صدر مملکت عارف علوی کو بھجوائی گئی سفارشات میں آئین کے تحت اسمبلی کا اجلاس بلانے کی تجویز دی اور کہا ہے کہ آئین کے تحت انتخابات کے 21 دن کے اندر اجلاس طلب کرنا آئینی ڈیڈلائن ہے، صدر مملکت آئین میں درج ڈیڈلائن کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں۔
دریں اثنا صدر مملکت کی جانب سے اجلاس نہ بلانے پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے متبادل انتظامات مکمل کرلیے گئے، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے بھی نگراں وزیراعظم کو سمری ارسال کی ہے جو وزارت پارلیمانی امور کے دی گئی ہے، تاہم یہ سمری واپس سیکریٹریٹ کو موصول ہوگئی۔
نگراں وزیراعظم نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو آئینی ڈیڈلائن گزرنے پر اجلاس بلانے کا اختیار دے دیا ہے، جس پر قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے آئینی ڈیڈلائن پوری ہونے پر اجلاس بلانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی اجلاس کا نوٹیفکیشن بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب جاری کیے جانے کا امکان ہے۔