امسال پاکستانی معاشی شرح نمو منفی 0.4 فیصد رہنے کا امکان ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک

ماندالویونگ: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی معیشت پر رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق 2020 میں پاکستان کی معاشی شرح نمو منفی 0.4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2021 میں پاکستان کی جی ڈی پی 2 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔
اس سے قبل اپریل میں اے ڈی بی نے رواں سال پاکستان کی معاشی شرح نمو کا تخمینہ 2.6 فیصد لگایا تھا جب کہ اگلے سال کے لیے معاشی شرح نمو کا اندازہ 3.6 فیصد لگایا گیا تھا۔
ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے مطابق کورونا وائرس کے باعث پاکستان کی معیشت بُری طرح متاثر ہوئی ہے، کورونا میں کمی کے بعد پاکستان میں معاشی بحالی کا امکان ہے اور معاشی اصلاحات کی بحالی پر پاکستان میں اقتصادی سرگرمیاں بڑھنے کی توقع ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے اندازے کے مطابق 2020 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 10.7 فیصد تک رہے گی اور 2021 میں یہ کم ہوکر 7.5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ درآمدات میں کمی کے باعث پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوا ہے، کورونا سے نمٹنے کے لیے پاکستان نے 1240 ارب روپے کا ریلیف پیکیج دیا جب کہ ٹڈی دل کے حملوں کے باوجود زرعی شعبے کی پیداوار2.7 فیصد رہی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔