کامیڈی کنگ کی وفات پر فنکار بھی افسردہ

کراچی: کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کی وفات پر فن کار برادری افسردہ نظر آتی ہے۔ اُن کے انتقال پر جاوید شیخ، دلیر مہدی، ہمایوں سعید، علی ظفر، سہیل احمد اور دیگر فنکاروں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اداکار جاوید شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف کے انتقال کی خبر بہت افسوس ناک ہے، پچھلے ہفتے عمر شریف کی عیادت کے لیے اسپتال گیا تھا، شکیل صدیقی، اسماعیل تارا، رؤف لالہ، عمر شریف میرے پرانے ساتھی ہیں، وہ کامیڈی کا باپ تھا، عمر شریف جیسا دوسرا کوئی اداکار نہیں ہوسکتا، بھارت بھی عمر شریف کی کامیڈی کو سراہتا ہے۔

بھارت کے مقبول گلوکار دلیر سنگھ مہندی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ آج بہت ہی دکھ کا دن ہے، ابھی پتا چلا ہے کہ عمر شریف ہم میں نہیں رہے، عمران خان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے عمر شریف کی امریکا منتقلی کی کوششیں کیں۔

اداکار ہمایوں سعید نے کہا کہ عمر شریف باکمال اداکار تھے، ان کے انتقال پر بہت افسوس ہوا، عمر شریف عام زندگی میں بھی لوگوں کو بہت ہنساتے تھے، ان سے جب بھی ملاقات ہوئی وہ ہنسائے بغیر رہ نہیں سکتے تھے، بیرون ملک سے کوئی مہمان آتا تو عمر شریف سے ملنے کی خواہش کرتا۔

گلوکار و اداکار علی ظفر کا کہنا تھا کہ عمر شریف جیسے عظیم لوگ کم ہی پیدا ہوتے ہیں، ہمیں عمر شریف کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔
کامیڈین سہیل احمد نے کہا کہ عمر شریف بین الاقوامی سطح پر ہمارے جانے پہچانے فنکار تھے، وہ بہت پیارے انسان تھے، لاہور میں میرے محلے میں ہی رہتے تھے، عمر شریف کی علالت کے دوران لاہور میں ان کی رہائش گاہ جاتا تھا، عمر شریف حساس انسان تھے، ان کے پورے خاندان میں ذیابطیس کا مرض بہت زیادہ ہے، عمر شریف نے پورے خاندان کے بچوں کو پالا، ان کا خیال رکھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔