اداکار علی رحمان بھی جلد دلہنیا لے آئیں گے
کراچی: مشہور اداکار علی رحمان خان کی شادی کے بارے میں خبریں گردش کررہی ہیں جو جلد اپنی نئی زندگی شروع کرنے جارہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کے مطابق علی مارچ 2025 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے، ان کی شادی کی تقریبات کراچی میں ہوں گی اور کہا جارہا ہے کہ وہ اپنی فٹنس ٹرینر نصرت کے ساتھ شادی کرنے والے ہیں۔
ان خبروں کا آغاز اُس وقت ہوا جب علی رحمان نے انسٹاگرام پر ڈیٹ نائٹ کے کیپشن کے ساتھ نصرت کے ساتھ تصاویر شیئر کیں، جس کے بعد ان کے رشتے کے بارے میں چہ میگوئیاں شروع ہو گئیں۔
تاہم ایک حالیہ انٹرویو میں علی رحمان نے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں ابھی شادی نہیں کررہا اور سوشل میڈیا صارفین مجھے ان دوستوں کے ساتھ جوڑ دیتے ہیں جن کے ساتھ میں تصویریں لیتا ہوں۔
علی رحمان نے مزید کہا کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ سیلفیز لینا پسند کرتے ہیں اور مداح اکثر قیاس آرائیاں کرتے ہیں۔
علی اور نصرت کی ایک وائرل سیلفی نے ان افواہوں کو جنم دیا، اگرچہ دونوں نے شادی کی خبروں کی تصدیق نہیں کی تاہم قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی شادی کی گونج جلد سنائی دے سکتی ہے۔
کیونکہ ان دنوں مرزا گوہر نے بھی میرے یار کی شادی کیپشن کے ساتھ چند ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں جب کہ کنزیٰ ہاشمی نے بھی اپنے گھر پر ایک پارٹی رکھی تھی جس میں علی رحمان بھی شریک تھے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں شہریار منور، ماہین صدیقی اور نیلم منیر کی شادی ہوئی ہے جس کے بعد کبریٰ خان اور گوہر رشید کے حوالے سے بھی قیاس آرائیاں جاری ہیں اور اب علی رحمان بھی شادی کی لسٹ میں شامل ہوگئے ہیں۔