خاتون کی عمر بھر کی جمع پونجی دیمک چاٹ گئی

کوالالمپور: ملائیشین خاتون نے حج کے لیے زندگی بھر کی جمع پونجی محفوظ رکھی تھی، جسے دیمک چاٹ گئی اور اس کی باقیات اب پہچاننے میں بھی نہیں آرہی۔
خاتون سے غلطی یہ ہوئی ہے کہ انہوں نے رقم ایک گتے کے ڈبے میں رکھی تھی۔ ملائیشیا کرنسی میں یہ رقم 30 ہزار کے برابر تھی جو ڈالروں میں 8700 بنتی ہے۔ اس طرح باریک دہشت گرد کیڑوں نے جمع پونجی کو ردی کے ڈھیر میں بدل دیا ہے۔
اس واقعے کے بعد خاتون کے پوتے خیرالاظہر نے تباہ حال نوٹوں کی تصاویر جاری کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ نوٹ ادھ کھائے ہوئے تھے جنہیں لے کر وہ بینک گئے تھے کہ شاید اس سے کچھ رقم مل سکے، تاہم بہت سارے نوٹ تار تار ہوکر ضائع ہوچکے ہیں۔
خیرالاظہر نے بتایا کہ ان کی دادی 2024 میں حج پر جانا چاہتی تھیں اور اسی لیے انہوں نے یہ رقم طویل عرصے سے سنبھال کر رکھی تھی۔
اس پوسٹ پر لوگوں نے اپنے اپنے تاثرات کا اظہار کیا ہے اور ایک صارف نے کہا ہے کہ اگر گھر میں دیمک تھی تو رقم کو ٹین کے ڈبے میں رکھنا ایک دانش مندانہ عمل ہوتا۔ کچھ لوگوں نے کہا کہ بینک میں رقم زیادہ محفوظ رہتی ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔