عورت نے پانی کی جگہ تیزاب سے کھانا پکا ڈالا، اہل خانہ کی حالت نازک
کولکتہ: بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں چونکا دینے والا واقعہ رونما ہوا ہے، جہاں کھانا پکانے کے دوران ہونے والی ایک غلطی نے پورے گھرانے کو اسپتال پہنچا دیا۔
مدنی پور کے علاقے میں خاتون نے لاعلمی میں پانی کی جگہ تیزاب استعمال کرلیا، جس سے تیار کھانا زہر آلود ہوگیا اور فیملی کے 6 افراد شدید متاثر ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق چاول اور سالن کھانے کے فوراً بعد اہلِ خانہ کی طبیعت بگڑنے لگی۔ متاثرین میں دو کم عمر بچے بھی شامل تھے، جنہیں فوری کولکتہ کے ایس ایس کے ایم اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے اُن کی حالت نازک قرار دے دی ہے۔
واقعہ سامنے آنے پر پولیس اور انتظامیہ حرکت میں آگئے۔ حکام نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ غفلت گھر کے ایک فرد کے پیشے سے جڑی ہے، جو تانبا اور چاندی کا کام کرتا ہے اور اسی وجہ سے گھر میں تیزاب رکھتا تھا۔ بدقسمتی سے یہ تیزاب باورچی خانے میں بھی موجود تھا اور ایک رشتہ دار نے اسے عام پانی سمجھ کر کھانا پکانے والے برتنوں میں ڈال دیا۔
اہلِ علاقہ نے بھی تصدیق کی کہ سنتو سنیاسی کے گھر میں تیزاب کا موجود ہونا معمول کی بات تھی، جس نے اس افسوس ناک غلط فہمی کو جنم دیا۔ پولیس مزید چھان بین کررہی ہے کہ واقعہ محض حادثہ ہے یا سازش۔