جاپانی خاتون نے اپنے بیٹے سے بھی کم عمر شخص سے شادی کرلی

ٹوکیو: جاپان میں 63 سالہ خاتون اور 31 سالہ نوجوان شادی کے بعد خوش باش زندگی گزار رہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ کہ پہلی شادی سے خاتون کا بیٹا اس کے دوسرے شوہر سے 6 سال بڑا ہے۔
اس منفرد جوڑے کے مطابق ان کے رومان کا آغاز اتفاقیہ طور پر ہوا۔
جاپانی میڈیا کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاتون Azarashi کی پہلی شادی 2 دہائیوں سے زائد عرصے تک برقرار رہی تھی اور جب وہ 48 سال کی تھیں تو یہ تعلق طلاق پر ختم ہوا۔
اس کے بعد انہوں نے اپنے بیٹے کی پرورش تنہا کی۔
بعدازاں انہوں نے نیا رومانوی تعلق قائم کرنے کی بھی کوشش کی مگر ناکامی کے بعد تنہا زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا اور پالتو جانوروں کے لباس فروخت کرنا شروع کردیے۔
Azarashi نے بتایا کہ اگست 2020 میں ٹوکیو کے ایک کیفے میں انہیں ایک موبائل فون ملا جو وہاں کوئی بھول گیا تھا۔
انہوں نے کچھ دیر انتظار کیا اور پھر ایک جوان شخص اس موبائل کو ڈھونڈنے کے لیے وہاں آیا۔
ایک ہفتے بعد خاتون اور وہ جوان شخص ایک ٹرام میں ملے اور انہوں نے نمبروں کا تبادلہ کیا۔
کچھ عرصے بعد وہ ہر رات ایک دوسرے سے بات کرنے لگے۔
خاتون کے مطابق میں نے محسوس کیا کہ وہ دلی طور پر مجھے پسند کرنے لگا ہے اور اس خیال نے میری زندگی کو پرمسرت بنادیا۔
ایک دوسرے سے ملنے کے کئی ماہ بعد دونوں کو ایک دوسرے کی حقیقی عمروں کا علم ہوا مگر اس سے تعلق متاثر نہیں ہوا۔
خاتون کا بیٹا شادی شدہ ہے اور Azarashi کے نئے شوہر سے 6 سال بڑا ہے، مگر اس نے ماں کے نئے رشتے کی حمایت کی۔
البتہ اس شخص کی والدہ نے آغاز میں اس پر اعتراض کیا، جو Azarashi سے بھی کم عمر تھیں مگر بیٹے کے اصرار پر مان گئیں۔ اس جوڑے نے دسمبر 2022 میں شادی کرلی تھی۔
شادی کے 3 سال بعد بھی ان کا تعلق بہت مضبوط ہے اور وہ مل کر گھریلو کام کرتے ہیں اور ایک میرج ایجنسی بھی چلا رہے ہیں۔
Azarashi نے بتایا کہ ہم ایک دوسرے کو پرنس اور پرنسز کہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں جو بھی ہوگا وہ اسے ہنسی خوشی قبول کرلیں گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔