کشمیریوں کی شہادت کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال
سرینگر: کشمیریوں کی شہادت کے خلاف آج مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں شہریوں کی شہادت کے خلاف آج مکمل ہڑتال کی گئی ہے جس کی وجہ سے دکانیں اور کاروباری مراکز مکمل طور پر بند ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلوں اور تشدد کے خلاف شہریوں نے مکمل ہڑتال کر رکھی ہے جس کے باعث سڑکیں سنسان ہیں اور قابض فوج کے علاوہ سڑکوں پر کوئی دوسرا شخص موجود نہیں۔
کُل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قابض بھارتی فوج کی جانب سے سرینگر میں 3 بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو تشدد اور فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں آئے روز شہریوں کو نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں نشانہ بنایا جاتا ہے۔