کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ، وزیراعلیٰ سندھ کی وفاق پر تنقید
کراچی: مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کے معاملے پر وزیراعظم اور وفاقی وزیر خاموش ہیں۔
سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آرہی کے الیکٹرک کہتی ہے کہ ہمیں گیس اور فرنس آئل نہیں مل رہا جب کہ پی ایس او اور سوئی سدرن کہتے ہیں کہ ہم گیس اور فرنس آئل فراہم کررہے ہیں، یہ تینوں محکمے وفاق کے ہیں لیکن وزیراعظم اور وفاقی وزیر خاموش ہیں، کے الیکٹرک کا کراچی اور سندھ کے دیہی علاقوں کے ساتھ یہ سلوک پہلے سے ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایوان میں کچھ باتیں کی گئیں جو مجھے نامناسب لگیں تاہم میں کچھ باتیں کروں گا وہ برداشت کرنے کی ہمت رکھیے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے 4 ہزار کے قریب مریض جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ سندھ میں کورونا وائرس کے 54 فیصد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔