بدترین لوڈشیڈنگ، وفاق کے الیکٹرک کو 500 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے پر رضامند
اسلام آباد: مرکزی حکومت نے کراچی میں لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لیے کے الیکٹرک کو مزید 500 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کردی۔
ترجمان وزارت توانائی کے مطابق وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو مزید 500 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کے لیے تیار ہے لیکن اس کا سسٹم مزید بجلی لینے کی سکت ہی نہیں رکھتا۔
ترجمان نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کراچی کے عوام کی بھلائی کے لیے کے الیکٹرک کو 1100 میگاواٹ اضافی بجلی کی منظوری دے چکی ہے لیکن صورت حال سے ظاہر ہے کہ کے الیکٹرک نے نظام کی بہتری کے لیے مناسب اقدامات اور سرمایہ کاری نہیں کی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم ڈویژن نے ملکی فرنس آئل میں سے 80 فیصد کے الیکٹرک کو فراہم کرنے کے انتظامات کیے ہیں جب کہ وفاقی حکومت نے 30 ہزار ٹن فرنس آئل فوری کے الیکٹرک کو فراہم کرنے کے انتظامات کیے ہیں۔
وزارت توانائی کے مطابق وفاقی حکومت کراچی کے عوام کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کی خاطر ہرممکن مدد کے لیے تیار ہے، لیکن کے الیکٹرک کا سسٹم اپ گریڈیشن کے بعد 23-2022 تک اضافی بجلی اٹھانے کے قابل ہوگا۔
خیال رہے کہ کے الیکٹرک نے فرنس آئل اور گیس کی فراہمی کو بہانا بناکر شہر میں گرمی بڑھتے ہی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا ہے، جس سے شہری بے حال ہوگئے ہیں۔