اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کیا نہ کریں گے، ہم دو ریاستی حل کے حامی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کہا جا رہا تھا پاکستان کہیں اسرائیل کو تسلیم کرنے تو نہیں جا رہا۔انہوں نے کہا کہ میں واضح طور پر کہتا ہوں پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کر رہا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ فلسطین پر ہماری حکومت کا وہی مؤقف ہے جو دیگر حکومتوں کا تھا،کسی کے دباؤ میں آکر ہرگز اپنی پالیسی پرنظر ثانی نہیں کر رہے۔انہوں نے اجلاس کے دوران بتایا کہ فلسطین پر ہمارا وہی مؤقف ہے جو پاکستان کا مؤقف ہے،ہم دو ریاستی نظریے کےکل بھی حمایتی تھے آج بھی ہیں۔
کشمیر سے متعلق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر پر ہمارا مؤقف ایک ہی ہے،پاکستان بھارت کے 5 اگست کے اقدام کو تسلیم نہیں کرتا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر دفاع کے من گھڑت بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ جتنا کشمیری آج بھارت سرکار سے متنفر ہے اتنا پچھلی 7 دہائیوں میں نہیں تھا۔